خبرنامہ

ایرانی صدر کا حکم ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہے، امریکا

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جوہری ایندھن سے آبدوزیں چلانے بارے ایران کے صدر کا حکم جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر کی جانب سے جوہری ایندھن سے آبدوزیں چلانے کا حکم، جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں آتا۔ اس سوال کے جواب میں کہ اس حوالہ سے یورینیئم کو مجاز حد سے زیادہ افزودہ بنانے کا کتنا امکان ہے، امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کو جوہری توانائی کے عالمی ادارے اور ایران کے درمیان تعاون اور آئی اے ای اے کی معائنہ کاری پر پورا بھروسہ ہے۔دوسری جانب روسی وزارت خارجہ نے بھی یہ بات زور دیکر کہی ہے کہ جوہری ایندھن سے آبدوزیں چلاناایران کا حق ہے اور اس سے کسی بھی طرح جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔