خبرنامہ

ایران ایٹمی معاہدے پر پوری طرح کار بند ہے

ویانا : (ملت+اے پی پی) بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ یوکیا آمانو نے کہا ہے کہ ایران بدستور جوہری سمجھوتے پر پوری طرح عمل کر رہا ہے۔ یوکیا آمانو نے گزشتہ شام ویانا میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد شروع ہونے کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ایران کے بھاری پانی کا ذخیرہ 130 ٹن سے زیادہ ہوا ہے جسے کم کرنے کی کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے مطابق ایران کی نگرانی کی جا رہی ہے اور نگرانی کے نتیجے میں سامنے آنے والی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ ایران مشترکہ جامع ایکشن پلان کی شقوں کے مطابق ایٹمی سمجھوتے پر پوری طرح عمل پیرا ہے اور معائنوں کے دوران کوئی ایسی چیز سامنے نہیں آئی ہے جس سے ثابت ہوتا ہو کہ ایران کسی طرح کی خفیہ ایٹمی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔