خبرنامہ

ایران میں اگلے ماہ ہونے والے صدارتی الیکشن کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

تہران (ملت آن لائن + آئی این پی) ایران میں اگلے ماہ ہونے والیصدارتی الیکشن کیلئے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں اگلے ماہ ہونے والے صدارتی الیکشن کیلئے مختلف امیدواروں کی جانب سے گیارہ اپریل سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ جمع کرائے گئے کاغذات کی چھان بین گارڈین کونسل کرے گی۔ کونسل کے منظور شدہ امیدواروں کی فہرست 27 اپریل کو عام کی جائے گی اور وہی صدارتی انتخابات میں شریک ہو سکیں گے۔ موجودہ صدر حسن روحانی ایک اور مدتِ صدارت کے لیے امیدوار بننے کے اہل ہیں۔ دو روز قبل اتوار کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے معتمدِ خاص ابراہیم رئیسی نے بھی صدارتی امیدوار بننے کا اعلان کیا تھا۔ سابق صدر محمود احمدی نژاد کے قریبی ساتھی حامد بقائی بھی الیکشن لڑنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔ صدارتی الیکشن انیس مئی کو ہوں گے۔