خبرنامہ

ایران نے افغان پارلیمنٹ کے الزامات مسترد کردیے

تہران: (ملت+آئی این پی ) ایران نے افغان پارلیمنٹ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کی ایرانی سرزمین پر موجودگی کا دعویٰ قطعا بے بنیاد ہے کابل کے ساتھ بردارنہ اور دوطرفہ مفادات کے تناظر میں تعلقات کو وسعت دینے کے لیے کوشاں ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق افغان پارلیمنٹ کے الزام کے بعد ایرانی وزارت خارجہ ترجمان بہرام قاسمی نے الزامات مسترد کردیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی ایرانی سرزمین پر موجودگی کا دعویٰ قطعا بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران کابل کے ساتھ بردارنہ اور دوطرفہ مفادات کے تناظر میں تعلقات کو وسعت دینے کے لیے کوشاں ہے۔ اس کے طالبان کے ساتھ کوئی رابطے نہیں ہیں۔ ساتھ ہی ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مفاہمت کرانے کے لیے معاونت کو تیار ہے۔رواں سال مئی میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایرانی سرحد کے قریب ایک ڈرون حملے میں ولی محمد نامی ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ بعد ازاں تحقیقات سے پتا چلا کہ ولی محمد نامی شخص تحریک طالبان افغانستان کے امیر ملا اختر منصور ہیں اور انہوں نے ایک جعلی نام سے پاکستانی پاسپورٹ بنا رکھا تھا۔ وہ اس جعلی پاسپورٹ کے ذریعے ایران اور پاکستان آتے جاتے تھے۔