خبرنامہ

ایران کی گارڈین کونسل نے محمود احمدی نژاد کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیدیا

تہران (ملت آن لائن + آئی این پی) ایران کی گارڈین کونسل نے دو مرتبہ صدر منتخب ہونے والے محمود احمدی نژاد کو الیکشن میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دے کر ان کی درخواست مسترد کر دی، آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے بھی اپنی درخواست جمع کروائی تھی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی جانچ پڑتال کرنے والے بااثر علما و فقہا پر مشتمل ادارے گارڈین کونسل نے محمود احمدی نژاد کی درخواست مسترد کرکے انہیں الکیشن میں حصہ لینے سے روک دیا جبکہ اسی ادارے نے موجودہ صدر حسن روحانی سمیت 6 سیاست دانوں کو الکیشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے احمدی نژاد کے صدارتی الیکشن میں حصہ نہ لینے پر زور دیا تھا جبکہ انہوں نے حسن روحانی کی حمایت کی تھی، تاہم اس امر کے باوجود احمدی نژاد نے اپنی دخواست جمع کروائی تھی۔احمدی نژاد ایران کے غیر معمول صدر رہے ہیں، انہں دو مرتبہ ایرانی صدر بننے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے پہلی مرتبہ 17 جون 2005 کو ایران کے چھٹے صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں جبکہ 12 جون 2009 کو وہ دوسری مدت کے لیے منتخب ہوئے۔واضح رہے کہ آئندہ ماہ ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی جنگ لڑنے کے لیے 137 خواتین سمیت 1600 امیدواروں کی درخواستیں خارج کی جا چکی ہیں۔آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں ایران کے ساتویں اور موجودہ صدر حسن روحانی صدارت کے مضبوط امیدوار خیال کیے جارہے ہیں۔حسن روحانی نے امریکا سمیت مغربی قوتوں سے مذاکرات کرنے کے ساتھ ساتھ جوہری معاہدوں پر بھی دستخط کیے، جس کے بعد ایران پر عائد تجارتی پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔