تہران ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) ایران کے وزیرخارجہ نے اپنے آئیوری کوسٹ کے ہم منصب سے ملاقات کی ہے جس میں مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ کا عزم ظاہر کیا گیاہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کا دورہ کرنے والے آئیوری کوسٹ کے وزیر خارجہ عبداللہ بامری نے تہران میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد جواد ظریف نے اس موقع پر کہا کہ ایران آئیوری کوسٹ کو اپنے سائنسی اور علمی تجربات منتقل کر نے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان عالمی سطح پر تعاون بڑھانے اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ جد وجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ آئیوری کوسٹ کے وزیر خارجہ عبداللہ بامری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایران کو خطے کا اہم ملک قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اورآئیوری کوسٹ کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد ابیجان میں ہوگا۔انہوں نے بینکاری، زراعت اور منشیات کے خلاف جدوجہد میں ایران اور آئیوری کوسٹ کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیا۔