خبرنامہ

ایندھن کیلئے ہر گزایران نہیں جائیں گے: مصر ی وزیر پٹرولیم

ابوظہبی (آئی این پی)مصر کے وزیر پٹرولیم طارق الملا نے اپنے دورہ تہران سے متعلق خبر کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ وہ توانائی کے سیکٹر میں معاہدوں کے لیے ہر گز ایران نہیں جائیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری وزیر نے یہ بات متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں تیل کی کمپنیوں کی ایک کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔مصری وزیر پٹرولیم طارق الملا ابو ظبی میں پٹرول سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس اور نمائش میں شریک ہیں۔ واضح رہے کہ معروف غیرملکی خبر رساں ایجنسی نے بتایا تھا کہ طارق الملا تہران کا دورہ کریں گے تاہم الملا نے اس کی تردید کر دی۔دوسری جانب مصری وزارت پٹرولیئم کے سرکاری ترجمان حمدی عبدالعزیز نے اعلان کیا ہے کہ مصری وزیر پٹرولیئم توانائی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے ابو ظبی روانہ ہوئے ہیں اور انہوں نے تہران کا رخ نہیں کیا۔ دو روزہ کانفرنس میں توانائی ، قیمتوں اور پیداوار کی لاگت کم کرنے کے واسطے جدید ٹکنالوجی کے استعمال جیسے امور زیر بحث آئیں گے۔عبدالعزیز نے صحافیوں کو بیان دیتے ہوئے واضح کیا کہ طارق الملا کانفرنس کے شرکا کے سامنے مصر میں پٹرولیئم اور گیس کے سیکٹروں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو پیش کریں گے۔انہوں نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ مصری وزیر کانفرنس کے ضمن میں دنیا بھر میں توانائی اور پٹرولیئم سیکٹروں کی بڑی شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے۔