خبرنامہ

ایٹمی معاہدہ ایران اور امریکا کے درمیان نہیں؛ ایران

تہران: (ملت+اے پی پی) ایران کے نائب وزیر خارجہ مرتضی سرمدی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدہ ایران اور امریکہ کے درمیان نہیں ہے کہ ایک فریق اس کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنا چاہے۔مرتضی سرمدی نے تہران میں میڈیا سے بات چیت میں امریکہ کے منتخب صدر کے نامزد وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے، برسراقتدار آنے کے بعد ایٹمی معاہدے پر نظرثانی کے بارے میں دیے گئے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ نقطہ نظر کسی بھی طرح کی بین الاقوامی حمایت اور جواز کا حامل نہیں ہے۔مرتضی سرمدی کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدہ ایران اور چھ ملکوں کے درمیان ہے اور یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے بھی اس معاہدے کی توثیق کی ہے۔ اس لیے بعض امریکی شخصیات اور حکام کی جانب سے اس پر نظرثانی کی بات کرنا لاحاصل ہے۔ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اطمینان ظاہر کیا کہ جو لوگ امریکہ میں بر سراقتدار آئیں گے ان کے پاس حقائق کا ساتھ دینے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے اور وہ اپنی کوششیں ایٹمی معاہدے پر زیادہ سے زیادہ بہتر، صحیح اور فوری عمل درآمد پر مرکوز کریں گے