بائیس سال سے جوان دکھائی دینے والی چینی نیوز اینکر
بیجنگ:(ملت آن لائن) کہتے ہیں کہ چینیوں اور جاپانیوں کے جسم اور چہرے پر عمر رسیدگی کا کوئی اثر نہیں ہوتا، اب اس کی ایک عملی مثال ایک چینی ٹی وی پر موسم کا حال بتانے والی نیوز اینکر ہے جو 22 سال گزر جانے کے باوجود بھی عین اسی طرح جوان، خوبصورت اور کم عمر دکھائی دیتی ہے۔
44 سالہ یانگ ڈین نے 22 برس قبل ’سی سی ٹی وی‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ سی سی ٹی وی نے ان کے پورے دور کی ویڈیوز ایک جگہ جمع کرکے پوسٹ کی ہیں۔ اس ایک مجموعی ویڈیو میں یانگ ڈین کے چہرے کو 22 سال کے دوران دیکھا جاسکتا ہے یعنی ویڈیو میں 1996ء سے 2018ء تک کا احاطہ کیا گیا ہے۔
تصاویر میں آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ اس پورے عرصے میں ان کے چہرے پر عمر رسیدگی، جلد اور رنگت میں تبدیلی اور کسی بڑھاپے کے آثار نظر نہیں آرہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان 22 برسوں کے دوران ان کی جسمانی ساخت بھی نہیں بدلی اور ان کے وزن میں بھی کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر یانگ ڈینگ کو ہمیشہ جوان رہنے والی دیوی کہا جارہا ہے۔ اسی بنا پر بہت سے لوگ یانگ ڈین سے ان کی عمر اور جوانی کا راز پوچھتے ہیں جس کا جواب خود ڈین کے پاس بھی نہیں۔ لیجئے! اب یانگ ڈین کی زندگی کے 22 سال دیکھیے اور ویڈیو میں بھی آپ اس سدا بہار نیوز کاسٹر کو دیکھ سکتے ہیں۔