خبرنامہ

باغیوں کے حلب سے انخلا کا معاہدہ طے پا گیا

اقوام متحدہ: (ملت+اے پی پی) اقوام متحدہ میں روس کے سفیر نے کہا ہے کہ شام کے شہر حلب کے مشرقی علاقوں میں موجود باغی جنگجوؤں کو وہاں سے نکلنے کی مہلت دینے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق روسی سفیر ویتالی چرکن کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق باغی جنگجوؤں کے شہر سے انخلا کا معاہدہ طے پا گیا ہے تاہم اس میں شہری شامل نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ معاہدہ صرف جنگجوؤں کے شہر سے انخلا کے بارے میں ہے۔روسی سفیر کے مطابق شہری ان علاقوں میں رہ سکتے ہیں اگر وہ وہاں سے کسی محفوظ علاقے میں جانا چاہتے ہیں تو جا سکتے ہیں، امداد کے لیے جو انتظامات کیے گئے ہیں وہ ان کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور کوئی انھیں نقصان نہیں پہنچائے گا۔واضح رہے کہ روس کی طرف سے باغیوں کے انخلا کے معاہدے کا اعلان اس وقت کیا گیا جب اقوام متحدہ نے حلب میں شہریوں کو بے دریغ قتل کیے جانے کی اطلاع دی تھی۔