بالوں سے بھرے چہرے والی لڑکی کو جیون ساتھی مل گیا
بنکاک:(ملت آن لائن) دنیا میں چہرے پر سب سے زیادہ بالوں والی لڑکی کو بھی بالآخر جیون ساتھی مل گیا۔ایک معروف برطانوی ویب سائٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کی رہائشی 17 سالہ لڑکی سوپترا سوسوفن ایک انتہائی کمیاب بیماری ’’ایمبراس سنڈروم‘‘ کا شکار ہے جس میں چہرہ بالوں سے بھر جاتا ہے۔ اس بیماری کو عرف عام میں ’’ور وولف سنڈروم‘‘ بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ چہرے پر بال نکلنے سے وہ بھیڑیئے سے مشابہت اختیار کرلیتا ہے۔ یہ بیماری انتہائی کمیاب ہے اور دنیا بھر میں صرف 50 افراد ہی اس بیماری کا شکار ہیں جس میں بچپن سے صرف ہتھیلیوں اور تلووں کے سوا پورے جسم پر باریک بال نکلنے لگتے ہیں حتیٰ کہ پورا چہرہ بھی بالوں سے بھرجاتا ہے۔ سترہ سالہ سوسوفن کا نام سال 2010ء میں چہرے پر سب سے زیادہ بالوں کا ریکارڈ رکھنے والی لڑکی کے طور پر سامنے آیا تھا۔ لیزر تھراپی کے ذریعے لڑکی کے اس مرض کا علاج کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مرض دور نہ ہوسکا۔ سوسوفن کو اسکول کے دور میں اس کی سہیلیاں وولف گرل کے نام چھیڑتی تھیں۔ لڑکی نے کبھی اپنے چہرے کے ان بالوں کو صاف نہیں کیا۔ اب پہلی بار اس نے اپنے چہرے کے طویل بالوں کو صاف کرکے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے چہرے کی تصاویر شیئر کی ہیں اور ساتھ ہی دنیا کو آگاہ کیا ہے کہ اسے بھی جیون ساتھی مل چکا ہے اور وہ شادی کرچکی ہے۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ اس کے شوہر نے اسے بیماری کےساتھ قبول کیا ہے اور وہ اس کا پہلا اور ہمیشہ رہنے والا پیار ہے۔ لڑکی کے والد نے بتایا کہ بیٹی کا مرض دور نہیں ہوا ہے تاہم اس نے باقدعدگی سے چہرے کے بالوں کو صاف کرنا شروع کردیا ہے۔