خبرنامہ

بحرین کا قطری شہریوں کے لیے ویزوں کا اجراء معطل کرنے کا اعلان

منامہ۔ (ملت آن لائن) بحرین نے قطری شہریوں کے لیے ویزوں کا اجراء معطل کرنے کا اعلان کردیا۔طلبہ اور پہلے سے قابل عمل پاسپورٹ رکھنے والے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی (بی این اے) کی رپورٹ کے مطابق قطری شہریوں کے لیے ویزوں کا اجراء معطل کرنے کا اعلان وزارت داخلہ نےکیا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ قطری حکام کی غیر ذمہ دارانہ حرکات کے باعث کیا گیا جنھیں بین الاقوامی قوانین کے تحت حاصل پڑوسی ممالک کے حقوق کا بھی پاس نہیں۔یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے 5 جون 2017 ء کو قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ قطر انتہا پسندوں کی مالی معاونت کرتا ہے اور اس کے علاقے میں عربوں کے روایتی حریف ایران کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ قطر ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔