خبرنامہ

بحیرہ روم میں 2000 سے زائد تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا

روم (ملت آن لائن + آئی این پی) بحیرہ روم میں 2000سے زائد مہاجرین اور تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اطالوی ساحلی محافظوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بحیرہ روم میں صرف ایک روز کے دوران دو ہزار سے زائد مہاجرین اور تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔ گزشتہ روز بحیرہ روم میں 19ریسکیو آپریشن کیے گئے۔ یہ تارکین وطن ربڑ اور لکڑی کی چھوٹی چھوٹی لیکن کھچا کھچ بھری ہوئی کشتیوں میں سوار ہو کر بحیرہ روم کے راستے اٹلی پہنچنے کی کوششوں میں تھے۔ حالیہ مہینوں کے دوران خطرناک سمندری راستوں کے ذریعے لیبیا اور مصر کے ساحلوں سے اٹلی کا رخ کرنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔