خبرنامہ

برطانوی تنظیم نے پاکستان کو سیاحت کے لیے پسندیدہ قرار دے دیا

برطانوی تنظیم نے پاکستان کو سیاحت کے لیے پسندیدہ قرار دے دیا

لاہور: (ملت آن لائن) برطانوی تنظیم برٹش بیک پیکر سوسائٹی نے پاکستان کو ایڈوینچر سیاحت کے لیے پسندیدہ ملک قرار دے دیا ہے۔اس سوسائٹی نے سال 2018ء کے لیے دنیا بھر کے سیاحت کے لیے اپنے پسندیدہ ترین بیس ممالک کی فہرست تیار کی ہے جس میں سرِفہرست پاکستان کا نام ہے۔ سوسائٹی نے پاکستان کو چننے کی وجہ یہاں کے لوگوں کا دوستانہ مزاج اور جنت نظیر پہاڑی علاقے بتائے ہیں۔اس سوسائٹی کے منتظمین سیمیول جانسن اور ایڈم سلوپر نے 2016ء میں پاکستان کی سیاحت کی تھی۔ اپنے اس ٹرپ میں یہ واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوئے۔ لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد دیکھنے کے بعد یہ ناران کاغان کی سیاحت کو گئے۔ بابو سر ٹاپ اور گلگت سے ہوتے ہوئے انہوں نے اپنے ٹرپ کا آخری پڑائو وادی ہنزہ میں کیا تھا۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اب تک سو سے زائد ممالک کی سیر کر چکے ہیں اور انہوں نے پاکستان کو سیاحت کے لحاظ سے سب سے بہترین پایا ہے۔انہوں نے اپنی اس رپورٹ میں اسلام آباد سے خنجراب پاس پر پاک چین بارڈر کے سفر کو دنیا کا بہترین روڈ ٹرپ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس رپورٹ میں سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ٹرپ کے دوران پاکستان کے لوگوں کے ساتھ ڈھیر ساری سیلفیز لینے کے لیے پہلے سے تیار رہیں۔اس فہرست میں شامل دیگر ممالک میں بالترتیب پاکستان، روس، بھارت، ترکی، قرغستان، لبنان، تاجکستان، چین، جورجیا، یوگنڈا، بوسنیا و ہرزیگووینا، اردن، عراق، ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، الجیریا، مونٹیگرو، مصر، روانڈا، ازبکستان اور کوسووو شامل ہیں۔