خبرنامہ

برطانوی شخص اپنے ذہن میں مسلسل قومی ترانہ بجنے سے پریشان

لندن:(ملت آبن لائن) برطانوی شخص عجیب دماغی کیفیت کا شکار ہوگیا ہے جس میں قومی ترانہ لگاتار ان کے ذہن میں گونجتا رہتا ہے اور کسی بھی طرح وہ اس صورتحال سے جان نہیں چھڑا سکتے۔ برطانیہ کا 87 سالہ شہری رون گولڈاسپنک کے دماغ میں مسلسل ملک کا قومی ترانہ بجتا رہتا ہے اور یہ مسئلہ دن بدن شدت اختیار کرتا جارہا ہے جب کہ اگلے ماہ ان کے گاؤں میں ملکہ ایلزبتھ آرہی ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ وہ ملکہ سے ملکر کہیں گے کہ وہ ملکہ سے زیادہ قومی ترانہ سنتے ہیں کیونکہ یہ بغیر رکے ان کے دماغ میں بجتا رہتا ہے۔ طب کی زبان میں اس کیفیت کو ’میوزیکل ایئر سنڈروم‘ (ایم ای ایس) کہا جاتا ہے، بہرے یا کم سننے والے افراد اس کے زیادہ شکار ہوتے ہیں اور انہیں آوازوں کا وہم (آڈٹری ہیلیوسنیشن) ہوجاتا ہے۔ رون بھی اس کے شکار ہیں لیکن انہیں صرف برطانوی قومی ترانہ سنائی دیتا ہے۔اب تک اس کی وجوہ معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ جب سننے کا احساس کم ہوجاتا ہے تو یہ کیفیت سر اٹھاتی ہے اور جب کانوں تک آواز نہیں پہنچتی تو دماغ ازخود آوازیں بنانے لگتا ہے جب کہ متاثرہ سماعت والے افراد اس کا زیادہ شکار ہوتے ہیں، صرف برطانیہ میں 65 سال سے زائد عمر کے 10 ہزار میں سے ایک فرد اس کا شکار ہے۔
رون گولڈ اسپنک کا کہنا ہے کہ یہ کیفیت 3 سے 4 ماہ قبل پیدا ہوئی اور خدا ملکہ کی حفاظت کرے (گاڈ سیو دی کوئین) کا مردانہ آواز والا حصہ ان کے ذہن میں گونجتا رہتا ہے، پہلے مجھے خیال آیا کہ شاید پڑوس میں یہ قومی ترانہ بج رہا ہے اور اس کی شکایت ان کے بیٹے نے علاقائی کونسل کو کردی تو معلوم ہوا کہ پڑوس میں کسی نے بھی یہ قومی ترانہ کبھی نہیں چلایا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ ان کے دماغ کی کارستانی ہے۔ اب یہ حال یہ ہے کہ ہفتے میں قریباً 1700 مرتبہ وہ قومی ترانہ سنتے ہیں اور کبھی کبھی اس کی آواز اتنی اونچی ہوجاتی ہے کہ وہ بے حال ہوجاتے ہیں۔ اس کیفیت کا علاج کسی ڈاکٹر کے پاس نہیں اور اس سے بچنے کے لیے وہ ایک کان میں آلہ سماعت لگا کر ٹی وی کی آواز کھول دیتے ہیں جس سے دماغی آواز کم ہوجاتی ہے۔