برطانیہ میں ایک کیلے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے
لندن:(ملت آن لائن) برطانوی خاتون کو بچے کی ضد مہنگی پڑگئی سپر اسٹور نے ایک کیلے کی خریداری پر 930 پاؤنڈ کا بل تھما دیا۔برطانوی شہر ناٹنگھم کی رہائشی خاتون بابی گورڈن اس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں آن لائن کیلا آرڈر کرنے پر ڈیلیوری کے ساتھ معروف سپر اسٹور کی جانب سے 930 پاؤنڈ یعنی پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے کا بل موصول ہوا جب کے ایک کیلے کی قیمت محض 11 پینی ہے۔
دوسری جانب اتنی زیادہ رقم کے استعمال پر فراڈ کا شبہ ہونے پر کریڈٹ کارڈ کمپنی نے بل کی ادائیگی روک دی اور توقع سے زیادہ شاپنگ پر خاتون کو فون کیا گیا۔ خاتون نے اصل صورت حال سے آگاہ کیا تو کریڈٹ کارڈ کمپنی نے سپر اسٹور سے رجوع کیا۔ سپر اسٹور کے حکام نے برطانوی خاتون اور کریڈٹ کارڈ کمپنی سے ’کمپیوٹر کی غلطی‘ پر معافی مانگی اور درست بل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
سپر مارکیٹ کے ترجمان نے اس دلچسپ واقعے کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے اسٹور میں دستیاب کیلے نہایت لذیذ اور تازہ ہوتے ہیں تاہم وہ اتنے بھی قیمتی نہیں کہ 930 پاؤنڈ کی قیمت چارج کی جائے، یہ ہمارے نظام کی تکنیکی غلطی ہے جس کا سدباب کردیا گیا ہے تاکہ آئندہ کسی صارف کو دقت اور ہمیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔