خبرنامہ

بشارالاسد پر قاتلانہ حملے کی خبر بے بنیاد ہے، شامی وزارت اطلاعات

دمشق: (ملت+اے پی پی) شامی وزارت اطلاعات نے صدر بشارالاسد پر قاتلانہ حملے کی کوشش سے متعلق خبر کو غلط اور بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ویب سائٹ ہیک ہوچکی ہے اور اس کے بعد یہ جھوٹی خبر پوسٹ کی گئی تھی۔العریبہ نیوز کے مطابق شامی وزارت اطلاعات نے اپنے فیس بْک صفحے پر یہ اعلان کیا ہے۔وزارت اطلاعات وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن خبروں سے کسی قسم کے نقصان کا اندیشہ ہے وہ تمام مکمل طور پر غلط ہیں۔اس سے چند گھنٹے قبل وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر ایک خبر پوسٹ کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بشارالاسد زہر خورانی کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کی صحت سخت خراب ہے۔اس کے بعد سے ویب سائٹ پر قارئین کے لیے اطلاعات یا خدمات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ سرکاری ویب سائٹ پر یہ خبر پوسٹ ہونے کے بعد صدر بشارالاسد کے حامیوں اور مسلح افواج کے درمیان بھی غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ویب سائٹ کو ہیک کرنے والے شامی باغیوں سے وابستہ ہیں یا وہ کسی دوسرے ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔