خبرنامہ

بک شیلف کی شکل میں بہت بڑی لائبریری

بک شیلف کی شکل میں بہت بڑی لائبریری

انقرہ:(ملت آن لائن) کتب خانوں سے عوام کا لگاؤ بڑھانے کی خاطر ترکی میں ایک بک شیلف جیسی منفرد لائبریری بنائی گئی ہے۔ ترکی کے شمالی صوبے کارابک میں واقع اس لائبریری کے منفرد ڈیزائن اور فن تعمیر کے شاہکار نے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرلیا ہے اور کتابوں کے شوقین افراد کے علاوہ بھی لوگ عمارت کے خوبصورت بک شیلف نما آرکیٹیکچر کو دیکھنے کے لیے کھنچے چلے آرہے ہیں۔ کامل گولک نامی یہ لائبریری کارابک یونیورسٹی میں قائم کی گئی ہے جس میں 60 ہزار کتابیں پرنٹ اور 60 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل شکل میں موجود ہیں۔ لائبریری سے طلبا کتابیں کچھ عرصے کے لیے حاصل کرکے واپس بھی کرتے ہیں۔
دنیا کی قدیم ترین یونی ورسٹی القرویین مسلمان خاتون نے تعمیر کرائی
اس لائبریری میں ملک کے دیگر کتب خانوں سے کتابیں منگوانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ طالب علم لائبریری میں مطلوبہ کتاب کی عدم موجودگی پر انتظامیہ کو آگاہ کرتا ہے جس کے بعد انتظامیہ ملک کے تقریباً 200 کتب خانوں سے کتاب تلاش کرکے تین دن کے اندر اندر دستیابی کو یقینی بناتی ہے۔ یہ لائبریری 24 گھنٹے کھلی رہتی ہے اور اپنے قیام سے اب تک ساڑھے چار لاکھ افراد اس سے استفادہ کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ ترکی میں کتابوں سے لگاؤ کے طور پر ہر سال مارچ کے آخر میں کتب خانوں کا قومی ہفتہ منایا جاتا ہے۔ اس کا آغاز 1964 میں ہوا تھا جس کے بعد سے ہر سال اس ہفتے کو منانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔