خبرنامہ

بھارتی شہری نے لڑکی کے انکار پرشادی کی خاطر چرائے لاکھوں روپے جلادیے

بھارتی شہری نے لڑکی

بھارتی شہری نے لڑکی کے انکار پرشادی کی خاطر چرائے لاکھوں روپے جلادیے

مدھیا پردیش:(ملت آن لائن) بھارتی شہری نے محبت میں ناکامی پر شادی کی خاطر چرائے 5 لاکھ روپے جلادیے۔ ریاست مدھیا پردیش کی فائننس کمپنی میں بطور کیشئر کام کرنے والے 22 سالہ جتندرہ گویال ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اس سے شادی بھی کرنا چاہتا تھا، اس مقصد کے لیے نوجوان نے اپنی ہی کمپنی سے 6 لاکھ 74 ہزار روپے چوری کیے تاہم لڑکی نے شادی سے انکار کرکے کسی اور سے شادی رچانے کا مںصوبہ بنایا جس پر گویال نے دلبرداشتہ ہوکر 5 لاکھ روپے جلا دیے۔

پولیس کے مطابق ملزم کی کمپنی کے مینجر کی جانب سے پولیس میں پیسے چوری ہونے کی شکایت درج کروائی گئی جس پر گویال کو چوری کے کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔ دوران حراست ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یہ پیسے اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کے لیے چرائے تھے لیکن لڑکی نے شادی کرنے سے انکار کردیا۔ گویال نے انکشاف بھی کیا کہ واقعے کے بعد اس نے خود کو جان سے مارنے کی بھی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مدھیا پردیش کے ضلع ہاردا میں واقع ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا تو ہمیں وہاں جلے ہوئے نوٹ ملے جن میں سے 46 ہزار روپے بچالیے گئے کیوں کہ وہ مکمل طور پر جلے نہیں تھے جب کہ ان کی الماری سے بھی ایک لاکھ 28 ہزار روپے کیش برآمد کیا گیا۔