بھارت میں سیلفی لینے پر شادی کی تقریب میدان جنگ بن گئی
کانپور (ملت آن لائن) گزشتہ شب شادی کی تقریب میں سیلفی لینے پر لڑکی اور لڑکے والے آپس میں متصادم ہوگئے۔ دونوں گروپوں میں جم کر لڑائی شروع ہوگئی۔ اس میں دولہا دلہن بھی زخمی ہوگئے۔ شادی کی تقریب میں بھگدڑ اس قدر مچی کہ لوگ بھول گئے کہ باراتی کون ہیں ؟ اور میزبان کون ؟۔ اس لڑائی میں دولہا کے والد بھی زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق اکھلیش کمار کی بیٹی پونم کی شادی رمیش کے بیٹے نیرج سے طے ہوئی۔نیرج بارات لیکر گیسٹ ہائوس پہنچے ۔ ہال میں موجود دلہن کے ساتھ ایک نوجوان نے سیلفی لینے کی کوشش کی جس پر لڑکے کی بہن کو اس کی حرکت بری لگی اور اس نے لڑکے کو پکڑ کر کنارے کردیا جس سے ناراض ہوکر لڑکے نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر لڑکی سے مار پیٹ شروع کردی ۔بعد ازاں پورا شادی ہال میدان جنگ بن گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول میں کیا۔لڑائی میں زخمی ہونیوالوں کو اسپتال پہنچایا اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔