خبرنامہ

بھوکا سی لائن مچھلی کے لیے کشتی تک آپہنچا

بھوکا سی لائن مچھلی کے لیے کشتی تک آپہنچا

میکسیکو سٹی:(ملت آن لائن) میکسیکو کے ساحل سے پرے ایک بھوکا سی لائن ایک کشتی کی پشت پر آبیٹھا گویا وہ کھانے کی تلاش میں تھا اور اب اس کی مچھلی کھانے کی ویڈیو دنیا بھر میں مقبول ہورہی ہے۔

میکسیکو میں کابو سان لیوکاس کے ساحل سے پرے ایک موٹر بوٹ تیزی سے آگے بڑھ رہی تھی کہ اس کے پچھلے حصے پر ایک سی لائن نمودار ہوا اور اس نے بھوکی نظروں سے وہاں موجود عملے کو دیکھا۔ اس کے بعد کشتی کے عملے نے اسے مچھلی کھلائی جو وہ فوراً ہڑپ کرگیا۔

یہ واقعہ 7 فروری کو پیش آیا ہے لیکن اسے حال ہی میں یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ ویڈیو بنانے والے نے کہا کہ ہم سمندر میں معمول کی گشت پر تھے کہ ایک سی لائن کشتی پر سوار ہوگیا اور اس نے ہمیں سوالیہ نگاہوں سے دیکھا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ جانور بڑی کوشش سے جست لگا کر کشتی پر آبیٹھا۔

کشتی پر موجود 26 سالہ اسکوبا ڈائیور فرینکی گرانٹ نے اسے زندہ مچھلی دی اور سی لائن نے اسے خوشی خوشی قبول کیا۔ سمندروں پر تحقیق کرنے والے ماہرین سی لائن کے اس رویے سے واقف ہیں تاہم یہ منظر اس مرتبہ بہت اچھی طرح کیمرے میں آیا ہے۔

فرینکی کے مطابق سی لائن بہت دیر تک کشتی کا پیچھا کررہا تھا اور اس انتظار میں تھا کہ کوئی اسے کھانا پیش کرے۔ اسکوبا ڈائیور کے مطابق یہ جانور بہت انسان دوست ہوتا ہے اور زیرِ آب انسانوں سے دوستانہ رویہ رکھتا ہے۔ بسا اوقات وہ انسانوں کے قریب آجاتے ہیں اور ان کے سامنے منہ سے بلبلےخارج کرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ منظر دیکھ کر کئی بڑے سمندری پرندے بھی مچھلی کی تلاش میں وہاں پہنچ گئے۔ اس کے بعد مزید سی لائن بھی وہاں پہنچے۔ اس کے علاوہ سی لائن نے مچھلی کی بالٹی میں بھی جھانک کر دیکھا۔