خبرنامہ

تحائف کے استعمال شدہ ریپرز سے تیار شدہ منفرد لباس

تحائف کے استعمال شدہ ریپرز سے تیار شدہ منفرد لباس

کیرولائنا:(ملت آن لائن) تحائف کے استعمال شدہ ریپرز سے دیومالائی داستانوں کی شہزادیوں کا لباس تیار کرلیا گیا ہے۔اکثر لوگ تحائف وصول کرنے کے بعد ان کے ریپرز کو کوڑے دان میں پھینک دیتے ہیں لیکن شمالی کیرولائنا کی 26 سالہ ڈریس ڈیزائنراولیویا میئرز نے تحائف کے ریپرز کو اکٹھا کرنے کے بعد ایسا لباس بنالیا ہے جسے دیکھ کر دیومالائی داستان کی کسی شہزادی کا گمان ہوتا ہے۔
اولیویا میئرز غیرروایتی اشیا سے لباس ڈیزائن کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں اور 2015 میں ان کا ڈیزائن کردہ ’’ٹاکوبیل‘‘ ڈریس ٹاکوس کے ریپرز سے تیار کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ’’ٹاکو‘‘ سموسے جیسی شکل رکھنے والی، میکسیکو کی ایک روایتی ڈش ہے۔ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد شائقین کی جانب سے اس لباس کو بہت سراہا گیا تھا۔ٹاکو بیل ڈریس کی پسندیدگی کے بعد اولیویا نے ’پیزاریلا‘ کی تخلیق کی جو پیزا کے ریپرسے تیارکیا گیا ایک اور منفرد لباس تھا جسے پہنے کے بعد کسی بہت بڑے سائز کے پیزا کا خیال آتا تھا اور غیرمعمولی و غیرروایتی ہونے کی وجہ سے اس لباس کو بھی بہت پسند کیا گیا تھا۔غیرروایتی اشیا سے تیارکردہ لباسوں کے حوالے سے اولیویا میئرز اب اپنا خاص مقام رکھتی ہیں تاہم ان کے بنائے ہوئے دیگر مختلف اقسام کے لباسوں میں اب تک سب سے زیادہ پذیرائی تحائف کے ریپرز سےتیار کردہ لباس کوحاصل ہورہی ہے۔اولیویا میئرز نے بتایا کہ پہلی مرتبہ تحائف کے ریپرز سے لباس کی تیاری کی کوشش کی اور 2014 میں ربن اور ریپرز کے استعمال سے ایک منفرد لباس بنانے میں کامیابی ملی۔ اس کامیابی کے بعد دیگر اقسام کے ریپرز سے مزید لباس تیار کئے اور آخرکار وہ دیومالائی داستانوں کی شہزادیوں کے لباس جیسا بہترین اور انوکھا لباس تیار کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔