خبرنامہ

ترک صدر کا متنازعہ بیان، میرکل کی طرف سے تحمل مزاجی کی وکالت

برلن (ملت + آئی این پی) جرمن حکومت نے ترک صدر رجب طیب اردگان کے ایک متنازعہ بیان کے بعد اس حوالے سے تحمل مزاجی اور بردباری کی وکالت کی ہے۔ ترک صدر نے گزشتہ ویک اینڈ پر الزام لگایا تھا کہ موجودہ جرمنی ماضی کے نازی دور کے سے طریقہ ہائے کار اپنائے ہوئے ہے۔ اس بیان کی وجہ جرمن حکام کی طرف سے ترک حکومتی ارکان کو جرمنی میں ترک باشندوں کے جلسوں سے خطاب کی اجازت دینے سے انکار بنا تھا۔ اس بیان کی سبھی جرمن سیاستدانوں نے بھرپور مذمت کی تھی۔ جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے ترک صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس متنازعہ موقف پر ردعمل میں ٹھنڈے دل اور دماغ سے کام لیا جانا چاہیے۔ رجب طیب اردگان نے یہ بھی کہا تھا کہ آج کا جرمنی کوئی جمہوری ریاست نہیں ہے۔