غزہ ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) فلسطینی بچوں نے غزہ پٹی میں واقع عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے دفتر کے سامنے اکٹھا ہو کر اسرائیلی حکومت کے اقدامات کی مذمت کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرے کے دوران بچوں نے ایمان ابوصبیح کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جس کے والد بیت المقدس میں اسرائیلی حکومت کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہو گئے تھے۔ مظاہرے میں فلسطینی بچوں پر اسرائیلیوں کے ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی گئی اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کو ایک خط دے کر درخواست کی گئی کہ وہ فلسطینی بچوں کو اسرائیلی حکومت کے چنگل سے نجات دلانے کی کوشش کرے۔ ادھر اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی کمیٹی نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 2016ء میں فلسطینی بچوں کی گرفتاری کی شرح میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔