خبرنامہ

تھائی خاتون کا ناک ہموار کرنے والا پیوند آنکھوں کے درمیان سے نکل آیا

تھائی خاتون کا ناک ہموار کرنے والا پیوند آنکھوں کے درمیان سے نکل آیا

بنکاک:(ملت آن لائن) تھائی لینڈ کی ایک خاتون نے اپنی ناک خوبصورت اور ستواں بنانے کےلیے ناک کے اندر سلیکون سے بنا ایک پیوند (امپلانٹ) لگوایا جو بری طرح ناکام ہوا اور اب ناک کے اوپری حصے کو چھیدتے ہوئے دونوں آنکھوں کے درمیان ابھر آیا ہے جس سے خاتون مزید عجیب لگ رہی ہیں۔اس باہمت خاتون نے منظرِ عام پر آکر پلاسٹک سرجری اور رائنوپلاسٹی کے خطرناک اثرات اور کمپنیوں کے دھوکے کو بے نقاب کیا ہے۔ یہ عمل رائنوپلاسٹی کہلاتا ہے جو مشرق ایشیائی ممالک میں تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔ اس میں ایک جانب تو ناک کے اندر پلاسٹک کے چھلے پھنسائے جاتےہیں یا پھر ان کے اندر سلیکون مٹیریل سے بنے پیوند رکھے جاتے ہیں۔
خاتون نے مزید بتایا کہ اگرچہ انہوں نے ایک سستے غیرمعروف کلینک سے آپریشن کرایا تھا لیکن ناک میں خوفناک مسئلہ پیدا ہونے کے بعد نہ صرف کلینک نے ان کی ایک نہ سنی بلکہ کسی بھی قسم کی مدد سے انکار کردیا۔رپورٹ کے مطابق آپریشن کرنے والے کلینک نے تصاویر منظرِ عام پر آنے اور عوامی غصے کے باوجود بھی خاتون کی کوئی مدد نہیں کی۔ تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا یہ خاتون کلینک کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں یا نہیں۔خاتون آپریشن کے چند دنوں بعد ہی انفیکشن کا شکار ہوگئیں اور ناک میں شدید جلن محسوس کرنے لگیں۔ اس کے بعد خوفناک صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب خاتون کی ناک کے اوپری حصے سے سلیکون کا پیوند جلد پھاڑ کر باہر نکل آیا۔ اب یوں لگتا ہے کہ پیوند ان کی دونوں آنکھوں کے درمیان نمایاں ہوچکا ہے اورناک کے اوپری حصے میں ایک گہرا سوراخ ہوچکا ہے جس سے لگتا ہے کہ گویا ان کی پیشانی پر سوراخ ہے۔