تھائی لینڈ، زیادہ بچوں والے جوڑوں کے لیے پُرکشش مراعات کا اعلان
بنکاک:(ملت آن لائن) آبادی کی کمی کے شکار تھائی لینڈ کی حکومت افزائش آبادی کے لیے خواتین کو ٹیکسوں میں چھوٹ، قرضوں کی فراہمی، ادویات کی مفت تقسیم اور بہبود آبادی سے متعلق معلومات کی فراہمی سمیت مختلف طریقے اپنا رہی ہے. ان اقدامات کا فیصلہ اس رپورٹ کے بعد کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ 1983 میں شرح پیدائش 3.2 فیصد تھی جو اب گھٹ کے صرف ایک فیصد رہ گئی ہے اسی طرح 1960 میں اوسطاً ایک عورت چھ بچوں کو جنم دیتی تھی اور اب اوسطآ ایک خاتون ایک بچے کو جنم دے رہی ہے، جس کے باعث تھائی لینڈ میں نوجوانوں کی تعداد معمر لوگوں کے مقابلے میں بہت کم رہ گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ تھائی لینڈ کو ضعیف لوگوں کا ملک کہا جانے لگا ہے۔
ھائی حکومت بچوں کی پیدائش میں اضافے کے لیے شادی شدہ جوڑوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جس کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ اورنقد انعامات جیسی پُرکشش مراعات بھی شامل ہیں. ساتھ ہی ساتھ حال ہی میں تھائی حکومت نے افزائش آبادی کے لیے ’ویلنٹائن ڈے‘ کے موقع پر فولک ایسڈ اور وٹامن کی گولیاں بھی شہریوں میں تقسیم کیں جس کا مقصد افزائش نسل کے لیے درکار غذائیت کی کمی کو دواؤں کی مدد سے پورا کرنا تھا۔
تھائی لینڈ کی وزارت صحت کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ افزائش آبادی کی حوصلہ افزائی کے لیے محبت کے عالمی دن کے موقع پرخوبصوت تحائف کی شکل میں شہریوں میں فولک ایسڈ اور آئرن کی گولیوں کے ساتھ ساتھ ان کے استعمال کی احتیاطی تدابیر اورافزائش نسل کے لیے طبی ہدایات بھی فراہم کی گئیں، ان تمام اقدامات کا مقصد تھائی خواتین کو زیادہ بچے جنم دینےکی طرف راغب کرنا تھا۔
یاد رہے کہ عالمی بینک کی رپورٹس کے مطابق مشرقی ایشیا کے ترقی پذیر ممالک میں چین و سنگا پور کے علاوہ اس کے پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں بوڑھے افراد کی غیر معمولی تعداد موجود ہے، تھائی لینڈ کی آبادی 67.5 ملین ہے جب کہ سالانہ آبادی کی شرح محض 0.3 فیصد ہے جب کہ کل آبادی میں ایک سے 14 سال کے عمر کے بچوں کی تعداد محض 19 فیصد ہے جب کہ ستر فیصد افراد چالیس سے سال اوپر کے لوگ ہیں۔