تیونس میں عوام کے زیر زمین گھروں میں بسیرے
لاہور(ملت آن لائن) تیونس کے شہر مطماطہ کے اکثریتی لوگ اپنے زیر زمین گھروں میں رہائش پذیر ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تیونس کے جنوب مشرقی صوبے قابس کے شہر مطماطہ کے باسی آج بھی زمین کے اندر گھر بنانے اور اس میں رہائش کو ترجیح دیتے ہیں۔مطماطہ کے مقامی افراد کی جانب سے زیر زمین رہنے کا اہتمام سادہ زندگی اور خود کو دوسروں سے خفیہ رکھنے کیلئے کیا جاتا ہے مطماطہ کی آبادی اکثریت نسلی طور پر امازیغیوں پر مشتمل ہے اور یہ شہر ریت کی چٹانوں کے دامن میں کھود کر بنائے گھروں کے سبب شہرت رکھتا ہے۔ مقامی افراد روایتی ماحول اور سادہ زندگی گزارنے اور خود کو مخفی رکھنے کیلئے زیرِ زمین گھر تعمیر کرتے ہیں جبکہ بعض افراد کے مطابق وہ اس طرح ماحولیاتی تبدیلیوں اور موسم کے سخت حالات سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مطماطہ میں 70 کی دہائی میں ہالی ووڈ کی ایک فلم عکسبند کی گئی تھی جسکے بعد اس شہر کی شہرت میں اضافہ ہو گیااور دیگر ممالک کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ، رپورٹ کے مطابق ریت کے اس شہر میں ہرسال لاکھوں کی تعداد میں سیاح یہاں آتے ہیں جبکہ یہاں مختلف قسم کے فیسٹیولز کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔