خبرنامہ

ثانیہ مرزا اور شعیب کے لندن میں‌ کس کیساتھ سیر سپاٹے

ثانیہ مرزا اور شعیب کے لندن میں‌ کس کیساتھ سیر سپاٹے

لندن: بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا ان دنوں اپنے شوہر اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ لندن میں سیر سپاٹے میں مصروف ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی بہو ثانیہ مرزا ومبلڈن میں سال کے تیسرے گرینڈ سلم میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچی تھیں تاہم وہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ہی باہر ہوگئیں۔ برطانیہ میں موجود ثانیہ مرزا اگر شکست کے غم میں مبتلا تھیں تو ان کے شوہر شعیب ملک حالیہ چمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کی خوشی میں سرشار تھے۔

ایسے میں شعیب ملک نے آگے بڑھ کر ثانیہ کی ڈھارس بندھائی اور حوصلہ بڑھایا۔ دونوں میاں بیوی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیر و تفریح پر نکل کھڑے ہوئے۔ یہی نہیں بلکہ اس اسپورٹس جوڑے نے ظہیر خان، اظہر محمود اور اشیش نہرا سمیت اپنے دیگر دوست کھلاڑیوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور خوب انجوائے کیا۔

…………………………………………………………………………………..
گوگل کی ملازمت چھوڑ کر سموسے بیچنے والا نوجوان

ممبئی: دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل میں ملازمت حاصل کرنا ہر نوجوان کا خواب ہوتا ہے تاہم ایک نوجوان ایسا بھی ہے جس نے گوگل کی نوکری چھوڑ کر سموسے بیچنا شروع کردیا۔

مناف کپاڈیا نامی نوجوان نے ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی کمپنی گوگل میں فُل ٹائم ملازت چھوڑ کر ممبئی میں اپنی ماں کے کچن میں کام کرنا شروع کردیا ہے۔ گوگل کا یہ سابق ملازم آج کل ریسٹورینٹ کا کامیاب کاروبار کررہا ہے جس کا سالانہ ٹرن اوور 75 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔

کپاڈیا نے اپنی والدہ کو مصروف رکھنے کے لیے 2014 میں ’’دی بوہری کچن‘‘ کا آغاز کیا تھا جس کا آئیڈیا ان کی ماں نفیسہ نے پیش کیا تھا۔ تاہم دوسال کے اندر اندر یہ کچن کامیاب ہوگیا اور گھر کا بنا کھانا فراہم کرنے والے ریسٹورینٹس میں سب سے بڑا برانڈ بن گیا۔ اپنے کاروبار کو پھلتا پھولتا دیکھ کر مناف نے گوگل میں ملازمت چھوڑ دی اور اپنی ماں کا ہاتھ بٹانے لگا۔