جاپانی ماہر نے انوکھی گھڑیاں بنا کر دنیا کو حیران کردیا
لاہور:(ملت آن لائن) ایک جاپانی ماہر نے ایسی منفرد گھڑیاں تیار کی ہیں جنہیں دیکھ کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔ انجینئر کا اصل نام تو معلوم نہیں ہوسکا لیکن وہ فِرسک پی کے نام سے مشہور ہیں اور وہ گھڑیوں کے ڈیزائن میں اس وقت کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں جب دنیا میں بھاپ کے انجن چلا کرتے تھے اور اکثر آلات بڑے ، بھدے اور میکانکی تھے۔ اسی وجہ سے ان کی کئی گھڑیاں ہاتھ پر باندھنا کوئی آسان کام نہیں کیونکہ وہ بہت جگہ گھیرتی ہیں۔
اپنی گھڑیوں کی ڈیزائننگ کے بارے میں فِرسک کہتے ہیں کہ ایسی گھڑیاں دنیا میں شاید ہی کہیں موجود ہوں کیونکہ انہیں قدیم انداز میں تیار کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ اسی بنا پر ڈیزائننگ کے ماہر ان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کی گھڑیاں عملی طور پر زیادہ کارگر نہیں اور نہ ہی کوئی انہیں پہن کر گھوم سکتا ہے لیکن ان کا دعویٰ ہے کہ کلائی پر باندھی جانے والی ایسی انوکھی گھڑیاں شاید ہی کہیں اور موجود ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے گھڑی سازی کو اگلے درجے تک پہنچادیا ہے۔ اب یہ ایجادات سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہورہی ہیں۔ فرسک ٹویٹر اور فیس بک پراپنی منفرد گھڑیوں کی وجہ سے مشہور ہیں جبکہ قدیم ڈیزائن ہونے کے باوجود تمام گھڑیاں اچھی طرح کام کرتی ہیں۔ پہلے تھری ڈی کمپیوٹر ایڈڈ ڈیزائن (سی اے ڈی) پر گھڑی کا ایک ایک پرزہ ڈیزائن کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد انہیں فیوژن تھری سکسٹی پروگرام پر یکجا کیا جاتا ہے۔ آخری مرحلے میں گھڑی کو تھری ڈی پرنٹر سے تیار کیا جاتا ہے۔