خبرنامہ

جاپان: تنہا رہنے والی خواتین کی حفاظت کیلئے ‘انوکھے پردے’ تیار

جاپان: تنہا رہنے والی خواتین کی حفاظت کیلئے ‘انوکھے پردے’ تیار

لاہور:(ملت آن لائن) جاپان میں خود مختار اور تنہا رہنے والی خواتین کے لیے انوکھے ’سایہ دار پردے‘ تیار کیے گئے ہیں تاکہ وہ خود کو محفوظ تصور کرسکیں۔ جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو دنیا کا سب سے محفوظ شہر مانا جاتا ہے لیکن یہاں بھی جرائم اور وارداتیں پیش آجاتی ہیں، خاص طور پر تنہا رہنے والی خواتین ضرور اس کا شکار بنتی ہیں۔ ایسے میں جاپان کی ایک اپارٹمنٹ کمپنی ‘لیو پیلس 21’ کی انتظامیہ نے ایک ایسی کٹ متعارف کروائی ہے جو تنہا رہنے والی خواتین کے لیے نہایت مددگار ہے۔ اس کٹ میں شامل پردے کی مدد سے بیرونی جانب سے یہ ظاہر ہوگا کے اپارٹمنٹ کے اندر کوئی اکیلا نہیں بلکہ دیگر لوگ بھی موجود ہیں۔
یہ پردہ ’مین آن دی کرٹن‘ (men on the curtain) کہلاتا ہے جو اسمارٹ فون کے ذریعے بطور پروجیکٹر کام کرے گا۔ لیو پیلس 21 اپارٹمنٹ کی ایک کھڑکی کا بیرونی منظر، جسے دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ گھر کے اندر خاتون اکیلی نہیں بلکہ کوئی اور بھی موجود ہے یہ ‘پروجیکٹر پردہ’ اسمارٹ فون سے کنیکٹ کیا جائے گا جس میں تقریباً 12 خاکے موجود ہوں گے جن میں ورزش کرنے، چہل قدمی، مارشل آرٹ، گٹار بجانا، باکسنگ اور دیگر سرگرمیوں کے خاکے شامل ہیں۔ اس پردے کا خاکہ ہر 30 منٹ بعد تبدیل ہوگا جس سے ایسا معلوم ہوگا کہ مختلف اوقات میں مختلف سرگرمیاں جاری ہیں اور باہر سے دیکھنے والے کو شک بھی نہیں ہوگا کہ اندر کوئی خاتون اکیلی ہے۔ ابھی تک یہ پروجیکٹر پردہ مارکیٹ میں عام فروخت کے لیے دستیاب نہیں تاہم اس کے لیے ایک ایپلیکیشن فارم پُر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ فی الحال یہ پردہ صرف جاپان میں متعارف کیا گیا ہے اور ممکن ہے کہ جلد اسے دیگر ممالک میں بھی فروخت کیا جائے گا تاکہ ہر ملک کی خود مختار خواتین بحفاظت اکیلے رہ سکیں۔