جاپان میں نادار افراد کو کام کے عوض کھانا دینے والا ہوٹل
جاپان(ملت آن لائن)اگر کہا جائے کہ دنیا میں انسانیت آج بھی باقی ہے تو غلط نہیں ہوگا اور اس کی مثال جاپان میں واقع ایک ہوٹل ہے جہاں غریب اور نادار افراد کو کام کرنے کے عوض کھانا دیا جاتا ہے۔ چائنا ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق ‘میرائی شکودو’ نامی یہ ہوٹل 33 سالہ سابق انجینئر سیکائی کوبیاشی نے جاپان کے شہر ٹوکیو کے علاقے جنبوچو میں کھولا ہے جہاں کوئی مستقل عملہ نہیں رکھا جاتا۔ ہوٹل کا اصول ہے کہ یہاں ایسے لوگ کام کرسکتے ہیں جن کے پاس کھانا خریدنے کے لیے پیسے نہ ہوں۔ خاتون سیکائی کوبیاشی صبح 12 بجے ہوٹل کھولتی ہیں اور خود کاؤنٹر پر خدمات سرانجام دیتی ہیں۔ سیکائی کوبیاشی، اُن افراد سے ہوٹل کی صفائی ستھرائی، سجاوٹ اور اشیاء کی ترتیب دینے کا کام کرواتی ہیں، جن کے پاس کھانا خریدنے کے پیسے نہیں ہوتے اور پھر وہ ان افراد کو پیسے دینے کے بجائے انہیں کھانا کھلاتی ہیں۔ انہوں نے اپنے ہوٹل میں دو شفٹوں کا تعین کر رکھا ہے، پہلی شفٹ لنچ کے اوقات میں موجود ہوتی ہے جو لوگوں کے کھانے کا آرڈر لیتی ہے اور انہیں کھانا پیش کرتی ہے جب کہ دوسری شفٹ میں ہوٹل کی صفائی کی جاتی ہے۔ سیکائی کوبیاشی کے ہوٹل میں 500 سے زائد افراد کام کرتے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے صرف کھانا پکانے والے افراد ہی مقررہ ملازم ہیں۔ سیکائی کوبیاشی نے یہ ہوٹل 2 برس قبل کھولا تھا، اس سے پہلے وہ اپنے دورِ تعلیمی کے دوران چھوٹا کیفے چلاتی تھیں۔ بعدازاں انہوں نے اپنے انجینئرنگ کے شعبہ کو چھوڑ کر سماجی خدمات میں دلچسپی ظاہر کی اور ہوٹل کھول لیا۔