خبرنامہ

جرمنی میں خواتین کا چاکلیٹ چور گروپ پکڑا گیا

جرمنی میں خواتین

جرمنی میں خواتین کا چاکلیٹ چور گروپ پکڑا گیا

برلن:(ملت آن لائن) خواتین کا دو رکنی گروپ مختلف سپر مارکیٹس سے چاکلیٹ چوری کرتا ہے۔ جرمنی کے شہر براؤن شوائیگ میں واقع ایک سپر مارکیٹ میں خاتون کو چاکلیٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خاتون کے اسکرٹ کے نیچے سے 9 کلوگرام چاکلیٹ برآمد ہوئی۔ براؤن شوائنگ پولیس کی خاتون ترجمان کے مطابق خاتون کی عمر 35 سال ہے جسے سپرمارکیٹ میں لگے کیمروں کی مدد سے رنگے ہاتھوں حراست میں لیا گیا۔ مارکیٹ عملے کی خاتون اہلکار نے عورت کی تلاشی لی تو اس کی متعدد جیبوں والی اسکرٹ سے مختلف کمپنیوں کی 9 کلو گرام چاکلیٹ برآمد ہوئی۔

ترجمان پولیس کے مطابق سپر مارکیٹ کے ڈیوٹی مینیجر کی اطلاع پر فوری طور پولیس موقع پر پہنچی اور عورت سے تفتیش شروع کی تو ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ اس کی ایک اور ساتھی گاڑی میں اس کی واپسی کا انتظار کر رہی ہے۔ ملزمہ کی نشاندہی پر پولیس اس کی دوست تک پہنچی اور تلاشی لی تو گاڑی سے مزید 50 کلوگرام چاکلیٹیں برآمد ہوئیں۔ اور مجموعی طور پر دونوں خواتین کے قبضے سے 60 کلوگرام چاکلیٹ برآمد ہوئی ہے جس کی مالیت ایک ہزار یورو سے زائد بتائی جاتی ہے۔ دونوں خواتین کے خلاف شاپ لفٹنگ (دکان سے چوری) کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔