خبرنامہ

جرمنی نے ترک صدر کے اختیارات میں اضافے بارے ریفرنڈم کیلئے ملک میں ریلیوں پرپابندی لگادی

برلن (ملت + آئی این پی) جرمنی نے ترک صدر رجب طیب اردگان کے اختیارات میں اضافے کے حوالے سے عنقریب ہونے والے ریفرنڈم کیلئے ملک میں ریلیوں اور اجتماعات کے انعقاد کو روک دیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے اختیارات میں اضافے کے حوالے سے عنقریب ہونے والے ریفرنڈم کے لیے جرمنی میں ریلیوں اور اجتماعات کے انعقاد کو روک دیا ہے۔ یونین آف یورپیئن ترک ڈیموکریٹس کی جانب سے آج مغربی شہر گاگینا میں ایک ریلی نکالی جانی تھی، جس میں ترک وزیر انصاف بیکر بورزداگ مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرنے والے تھے۔ تاہم مقامی حکام نے ایک ہال میں اس ریلی کے انعقاد کی اجازت یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی کہ متعلقہ ہال کی گنجائش اتنی نہیں۔ کولون میں بھی حکام نے اعلان کر دیا ہے کہ یونین آف یورپیئن ترک ڈیموکریٹس کو اتوار کے روز ہونے والی ایسی ہی ایک ریلی کے انعقاد کے لیے ایک ہال استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انقرہ حکومت سولہ اپریل کو صدارتی اختیارات میں اضافے کے موضوع پر ہونے والے ریفرنڈم کے لیے جرمنی میں بھی حمایت حاصل کرنے کے لیے کافی پر عزم دکھائی دیتی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ نیا مجوزہ صدارتی نظام ملک میں ایک فرد کی حکومت کے مساوی ہو گا۔