خبرنامہ

جنوبی افریقہ میں دو منہ والے بلی کے بچے کی پیدائش

جنوبی افریقہ میں دو منہ والے بلی کے بچے کی پیدائش

کیپ ٹاؤن:(ملت آن لائن) جنوبی افریقہ میں دو منہ اور تین آنکھوں والا ایک عجیب الخلقت بلی کا بچہ پیدا ہوا ہے جس کی تصاویر سوشل میڈیا کے ذریعے پوری دنیا میں مقبول ہورہی ہیں۔
اس بلی کا نام ’بیٹی بی‘ ہے جس کے دو کان اور چار پاؤں تو ہی ہیں لیکن دو منہ ، دو ناک اور تین آنکھیں ہیں۔ اس طرح یہ ایک نایاب بلی ہے جس کے دو منہ ہیں۔ یہ بلی اپنے دو بھائی بہنوں کے ساتھ جنوبی افریقہ کے شہر ایسٹرن کیپ میں پیدا ہوئی تھی۔ بظاہر نارمل لیکن دومنہ والی بلی کے مرجانے کے خوف سے اس کا مالک اس عجیب الخلقت بلی کو ایک قریبی ماہر کے پاس لے گیا تاکہ اس کی اچھی طرح دیکھ بھال کی جاسکے۔
اس انوکھے جانور کا خیال رکھنے والی خاتون نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا، خاتون نے اس کا فیس بک اکاؤنٹ بنایا ہے جہاں بلی کی تصاویر اور ویڈیو دیکھی جاسکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلی کے دونوں منہ کا راستہ پیٹ تک جاتا ہے اور اسے دونوں منہ سے کھانا دیا جارہا ہے۔
بلی پیدائشی طور پر ایک طبی کیفیت کے ساتھ اس دنیا میں آئی ہے جسے ’کرینیوفیشل ڈپلیکیشن‘ یا ڈائپروسوپس کہتے ہیں۔ ہمارے جسم میں ایک طرح کا پروٹین سونک ہیجہوگ ہومولوگ (ایس ایس ایچ) ہماری پیدائش کے ایک عمل میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ پروٹین چہرے کی چوڑائی کو کنٹرول کرتا ہے اور اس میں معمولی سی تبدیلی کرینیو فیشل ڈپلیکیشن یا دو منہ کی وجہ بنتی ہے اور دوسری جانب یہ پروٹین ایک کیفیت سائیکلوپیا کی وجہ بنتا ہے جس میں عموماً سکڑے ہوئے چہروں اور ایک آنکھ والے بچے پیدا ہوتے ہیں۔اگرچہ دیگر مویشیوں اور جانوروں میں یہ کیفیت دیکھی گئی ہے لیکن بلیوں میں یہ بہت نادر عمل ہے اسی بنا پر بلی کو ’جینس کیٹ‘ کا نام دیا گیا ہے کیونکہ یونانی دیوتا جینس کے دو منہ تھے۔ بیٹی بی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ مسلسل بڑھ رہی ہے اور بہت اچھی حالت میں ہے۔ اس کیفیت میں پیدا ہونے والا جانوروں کا دماغ بھی متاثر ہوتا ہے اور انہیں سانس لینے میں دقت ہوتی ہے۔تاہم اب دیکھنا یہ ہے بالغ ہونے کے بعد یہ بلی کس طرح کا برتاؤ کرتی ہے۔