خبرنامہ

جنوب مغربی یمن میں جھڑپیں، 8 فوجیوں سمیت 22 افراد ہلاک

عدن:(ملت+اے پی پی) جنوب مغربی یمن میں جھڑپوں کے مرکزی شہرتعز کے نواح میں سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان لڑائی میں 22 افراد ہلاک ہو گئے۔ پیر کو دیر گئے حکومت کے حامیوں کے زیر کنٹرول تاہم شیعہ حوثیوں اور ان کے باغی اتحادیوں کی جانب سے جزوی طور پر محاصرے میں لیے گئے شہر تعز میں شروع ہونے والی جھڑپوں میں14 باغی اور8 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ منگل کے روز صورتحال نسبتاً پرسکون رہی۔ اسی طرح شمالی یمن میں2 فوجی افسروں کو بھی قتل کر دیا گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق یمن میں سعودی عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد العسیری نے کہا ہے کہ انکی افواج نے یمن میں کلسٹر ہتھیاروں کا استعمال بند کردیا ہے، ان ہتھیاروں کو صرف فوجی اہداف کے خلاف استعمال کیا جاتا رہا ہے تا کہ سعودی عرب میں شہریوں کی ہلاکتوں سے بچا جاسکے۔ وہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اس دعوے کا جواب دے رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ دسمبر 2015سے جنوری 2016 تک بی ایل 755 کلسٹر ہتھیار استعمال کیے گئے تھے۔