خبرنامہ

جوہری ڈیل کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے رہیں گے ،ایران

تہران: (ملت+آئی این پی)ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران حکومت جوہری ڈیل کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتی رہے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی جوہری ایجنسی برائے توانائی کے سربراہ یوکیو امانو کے ساتھ ایک ملاقات میں روحانی نے کہا کہ تہران حکومت جوہری ڈیل کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتی رہے گی۔انکاکہنا تھاکہ اس تناظر میں عالمی برادری کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ یہ امر اہم ہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تہران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والی اس ڈیل پر سوالات اٹھا چکے ہیں۔ ٹرمپ نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ وہ صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد تہران کے ساتھ ہونے والی اس ڈیل کی شقوں پر نظر ثانی کریں گے۔