جینز کا رنگ زیادہ تر نیلا ہی کیوں ہوتا ہے؟
لاہور: (ملت آن لائن) ویسے تو جینز کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے اور زیادہ تر اس کا رنگ نیلا ہی ہوتا ہے، لیکن بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ اس رنگ کو زیادہ کیوں استعمال کیا جاتا ہے۔
اس سوال کا جواب ڈھونڈنے کیلئے پہلی بار جینز کی تیاری کے مراحل کے بارے میں جاننا ہو گا۔
لیوی اسٹروس جینز کی ایجاد کے لیے جانے جاتے ہیں اور انہوں نے ہی اس طرح کی پتلون کا پیٹنٹ اپنے نام رجسٹر کرایا تھا۔ اس زمانے میں ڈینم کا کپڑا مزدوروں میں استعمال کیا جاتا تھا اور ڈیزائنر نے اس میں کچھ چیزوں کا اضافہ کر کے اسے دنیا بھر میں مقبول بنا دیا۔
درحقیقت انہوں نے اس زمانے میں زیادہ پسند کی جانے والی بھوری کاٹن پتلون جسے ڈک کا نام دیا تھا، کا ڈیزائن ہی اپنایا تھا، یہ پینٹ جلد جینز کے سامنے ہار مار کر مارکیٹ سے دور ہو گئی۔
اور جینز کے لیے نیلے رنگ کا انتخاب بلیو ڈائی کی کیمیائی خصوصیات کی وجہ سے ہوا۔ بیشتر رنگوں کی ڈائیز گرم درجہ حرارت میں کپڑے کے اندر پھیل جاتی ہیں، اور رنگ کا داغ لگ جاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں بلیو ڈائی جسے پہلی جینز پر استعمال کیا گیا، دھاگے کے باہری حصے تک محدود رہتی ہے اور جب اس ڈائی والی جینز کو دھویا جاتا ہے تو بہت کم ڈائی ہی پانی میں بہتی اور دھاگا بھی ان کے ساتھ نکل جاتا ہے۔ اس کپڑے کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ جتنا جینز کو دھوئیں گے، اتنی نرم ہو جائے گی اور بتدریج مختلف جگہوں سے پھٹ جاتی ہے جیسا آج کل فیشن بھی ہے۔اسی نرمی نے جینز کو مزدوروں کا اولین انتخاب بنایا اور دیگر پتلونوں کا فیشن ختم ہو گیا۔