خبرنامہ

جیون آسان: اب نوڈلز نہیں گِریں گے!

جیون آسان:

جیون آسان : اب نوڈلز نہیں گِریں گے!

لاہور؛(ملت آن لائن)’’ممّا! آج پھر عامر نے نوڈلز گرادیے ہیں!‘‘،’’اُفوہ میں تو تنگ آگئی ہوں اس سے۔۔۔۔ عامر تم سے پیالہ پکڑا کیوں نہیں جاتا؟‘‘،’’ممّا وہ بریڈ پر مارجرین لگایا تھا تو ہاتھ چکنے ہوگئے تھے، بس پیالہ ہاتھ سے پھسل گیا۔‘‘ یہ منظر کم و بیش ہر گھر کا ہے۔ بچے تو بچے بڑوں کے ہاتھ سے بھی بعض اوقات پلیٹ، پیالہ یا گلاس چُھوٹ جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں کپڑے خراب ہوسکتے ہیں۔ خواتین خانہ کو اس وقت بڑی کوفت ہوتی ہے جب بچہ اسکول جانے کے لیے تیار ہے، بس اسے ناشتہ کرکے بستہ اٹھانا ہے اور پاپا کے ساتھ نکل جانا ہے، مگر ناشتے کے دوران دودھ یا چائے پیتے یا دلیہ کھاتے ہوئے کپ یا پیالہ ہاتھ سے چھوڑ بیٹھے اور کپڑے خراب ہوجائیں۔ بچے نوڈلز شوق سے کھاتے ہیں۔ بڑوں کو بھی یہ غذا اچھی لگتی ہے۔
نوڈلز عموماً مخصوص پیالے میں ڈال کر کھائے جاتے ہیں۔ چاروں جانب سے ہموار ہونے کے باعث یہ پیالہ بعض اوقات ہاتھ سے پھسل جاتا ہے۔ اسی مشکل کے پیش نظر ایک معروف غیرملکی کمپنی نے یہ پیالہ ڈیزائن کیا ہے۔ پیالے پر گرفت مضبوط بنانے کی غرض سے انگوٹھے اور انگلیوں کے لیے خصوصی جگہ اور اُبھار بنائے گئے ہیں۔ پیالے کے کنارے پر ایک جگہ گول کٹ موجود ہے جس میں انگوٹھا پھنسایا جاتا ہے اور پیندے میں اُبھار دیے گئے ہیں جن پر انگلیاں رکھ دی جاتی ہیں۔ یوں انگوٹھے اور انگلیوں کے دباؤ کی مدد سے پیالے پر مکمل گرفت رکھی جاسکتی ہے اور ہاتھ کو بہ آسانی حرکت بھی دی جاسکتی ہے۔ بس تو یہ مخصوص پیالہ لے آئیں اور کاؤچ پر دراز ہوکر مزے سے ٹیلی ویژن پر من پسند پروگرام دیکھتے ہوئے نوڈلز سے بلاخوف و خطر لطف اندوز ہوں۔