خبرنامہ

جی میل کا وہ فیچر متعارف جس کا شدت سے انتظار تھا

بالآخر گوگل کی ای میل سروس جی میل کی جانب سے وہ فیچر متعارف کروا دیا گیا ہے جس کا صارفین کو ایک طویل مدت سے انتظار تھا اور اس فیچر کی آمد سے کئی صارفین کی ایک بڑی مشکل آسان ہوگئی ہے-

جی ہاں اب آپ گوگل کی ای میل سروس جی میل پر کسی دوسرے ای میل نیٹ ورک کی جانب سے ارسال کردہ 50 ایم بی کے سائز کی حامل فائل بھی موصول کرسکتے ہیں جبکہ اس فیچر کے متعارف کروائے جانے سے قبل آپ جی میل پر صرف 25 ایم بی کی فائل وصول کرسکتے تھے-

تاہم اب بھی جی میل کی مدد سے 25 ایم بی سے بڑی فائل کو میل کرنا ممکن نہیں ہے- جی میل نے یہ فیچر صرف 50 ایم بی تک کی فائل موصول کرنے کی اجازت دیتا ہے جو کہ کسی ایسے دوسرے ای میل نیٹ ورک کی جانب سے بھیجی جارہی ہے جہاں 25 ایم بی سے زائد کی فائل ای میل کرنے کی اجازت موجود ہے-

البتہ جی میل کے اس نئے فیچر کے حوالے سے ایک بات ذہن نشین کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ جتنی زیادہ 50 ایم بی کی فائلز موصول کریں گے اتنی ہی جلد آپ کے ان باکس کی اسپیس ختم ہوجائے گی- اس لیے ضروری ہے کہ غیر ضروری فائلز کو اپنے ان باکس سے حذف کرتے رہیں-