خبرنامہ

حقیقت سے قریب تر گڑیا بنانے والی باصلاحیت لڑکی

حقیقت سے قریب

حقیقت سے قریب تر گڑیا بنانے والی باصلاحیت لڑکی

کیو:(ملت آن لائن) یوکرین کی آرٹسٹ اولگا کسی بھی گڑیا یا گڈے کو قریب قریب انسانی شکل میں ڈھالنے کی ماہر ہیں جسے دیکھ کر حقیقی انسان کا گمان ہوتا ہے اپنی ان منفرد تخلیقات کے باعث وہ لوگوں میں بہت مقبول ہوگئی ہیں۔

یوکرین کے شہر کیو کی رہائشی اولگا کو بھی دیگر لڑکیوں کی طرح بچپن سے ہی گڑیوں کے ساتھ کھیلنا پسند تھا۔ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ان کا یہ شوق بھی بڑھتا چلا گیا۔ ایک بار انہوں نے ’مانسٹر ہائی ڈول‘ دیکھیں تو ان کی شیدائی ہوگئیں اور اپنا بیشتر وقت ایسی گڑیا آن لائن دیکھنے میں گزارنے لگیں۔

ایک بار انہوں نے ایک ایسی گڑیا دیکھی جو انہوں نے اس سے قبل کبھی نہیں دیکھی تھی۔ یہ گڑیا حقیقی شکل سے بہت نزدیک تھی کچھ تحقیق کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ یہ گڑیا یا گڈا OOAK یعنی (one of a kind) کہلاتی ہے۔

اولگا پر انکشاف ہوا کہ یہ گڑیا کسی مشین یا پرنٹنگ کے بجائے مکمل طور پر انسانی ہاتھ سے بنائی گئی ہے اور یہ ایک بہترین اور مشکل فن ہے۔

اس کے بعد اولگا پر دھن سوار ہوگئی اور انہوں نے کئی سال ایسی گڑیا بنانے پر تحقیق کرنے اور آن لائن مواد سے سیکھنے میں صرف کردیے۔

بعدازاں وہ اس قابل ہوگئیں کہ خود بھی ایسی گڑیا تخلیق کرسکیں جو انسانی شباہت کے بے حد نزدیک ہو اور اسے دیکھتے ہی کسی حقیقی چہرے کا گماں ہو۔

سال 2013ء میں اولگا نے ایک گڑیا کو دیکھ کر اسے دوبارہ بنایا اور آج تک یہ کام کررہی ہیں۔

پہلی ڈول بنانے کے مسلسل تین ماہ کام کرنے کے بعد ان کے فن میں مزید نکھار آگیا اور انہوں نے اپنی بنائی ہوئی ڈول کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا شروع کردیں جس کے بعد انہیں OOAK ڈولز کے آرڈرز ملنے شروع ہوگئے۔

اب اولگا کا یہ عالم ہے کہ اس کے پاس مزید آرڈر ز آتے ہیں اور وہ ان سے معذرت کرتی ہے کہ وہ پہلے پچھلے آرڈرز پورا کردیں اس کے بعد ہی مزید آرڈر حاصل کریں گی۔

اولگا نے بتایا کہ وہ گڑیا کو ری پینٹ کرنے میں ایکرلیک پینٹ، وارنش اور اصل میک اپ سمیت دیگر اشیا کا سہارا لیتی ہیں۔