حلب :(ملت+ اے پی پی) شامی فوج نے عوامی رضاکار فورس کی مدد سے حلب کے محلے الفرافرہ کو مکمل طور پر دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔شامی فوج نے بدھ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے بعد اس علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں اور نصب کئے گئے بموں کو ناکارہ بنانا شروع کر دیا۔ الفرافرہ کی آزادی کی کارروائیوں میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ حلب میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی کارروائیوں میں شدت آنے کے بعد فوج نے اپنے ایک بیان میں حلب شہر کے مشرقی محلے کے باشندوں سے کہا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے قریب نہ جائیں۔ شامی فوج نے مغربی شہر حماہ کے شمالی مضافاتی علاقوں میں بھی دہشت گردوں کا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔ اس حملے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔ دہشت گردوں نے حلب میں اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے حلب شہر کے مضافات میں واقع الزہرا شہر کے رہائشی علاقوں پر گولہ باری کی۔