خبرنامہ

حلب پرقبضے کا کوئی ارادہ نہیں، رجب طیب اردوان

انقرہ ۔ 27 اکتوبر (ملت + اے پی پی) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ شام کے اندر ترک فوج کی کارروائی الباب اور منبج شہروں پر کنٹرول تک محدود ہے اور وہ فوجی آپریشن کو حلب تک وسعت نہیں دینا چاہتے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر نے انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کا حلب پر قبضے کا کوئی ارادہ نہیں۔ حلب وہاں کے باشندوں کا شہر ہے اور وہی اس کے مالک ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ آپریشن جلد ہی شروع کرنے والے ہیں مگر حلب کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے۔ ہم حلب پر قبضے کا کوئی پروگرام نہیں بنا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ترک صدر کی طرف سے حلب کے حوالے سے تازہ موقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شامی صدر بشارالاسد نے خبردار کیا ہے کہ شمال مشرقی حلب کی طرف سے ترک فوج کی پیش قدمی کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔