خبرنامہ

حلب پر دوبارہ بمباری ، ہلاکتوں کی تعداد 150 سے تجاوز کر گئی

دمشق ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) شام کے شہر حلب کے مشرقی حصے پر روس اورشامی حکومت کے جنگی طیاروں نے دوبارہ بمباری شروع کر دی ہے جسکے نتیجے میں 150 سے زائد انسان لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل سے بمباری کا شروع ہونیوالا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ گزشتہ روز فضائی حملے حلب کے جن علاقوں پر کیے گئے، ان میں الکلسیہ، بستان القصر اور الصخور شامل ہیں۔ اس طرح حلب کا شہر2 حصوں میں تقسیم ہو چکا ہے۔ ایک حصے پر حکومتی فوج کو کنٹرول حاصل ہے اور مشرقی حصہ باغیوں کی قبضے میں ہے۔مشرقی حلب میں تقریباً ڈھائی لاکھ افراد محصور ہو کر رہ رہے ہیں۔ بمباری سے زیادہ تر سویلین ہلاک ہو رہے ہیں کیونکہ اْن کے پاس زندگی بچانے کا کوئی ذریعہ موجود نہیں ہے۔ شام کی فوج دو جانب سے مشرقی حصے پر قبضے کے لیے آگے بڑھ رہی ہے۔