خبرنامہ

خاتون کی دوست کو جیل سے فرار کروانے کی انوکھی کوشش

وینز ویلا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنے دوست کو ایک بہت بڑے سوٹ کیس میں چھپا کر اسمگل کرنے کوشش میں پکڑی گئی- ممکن تھا کہ خاتون اپنی اس کوشش میں کامیاب ہوجاتی اگر وہ اس سوٹ کیس کو آسانی سے کھینچ پاتی-

تاہم خاتون کی بدقسمتی کہ سوٹ کیس کے ساتھ ہونے والی کھینچا تانی نے خاتون کو سیکورٹی کیمروں کی مانیٹرنگ ٹیم کی نظر مشکوک میں بنا دیا اور یوں خاتون اپنے دوست کو جیل سے فرار نہ کرواسکی اور خود بھی پکڑی گئی-

25 سالہ Antonieta Robles Souda وینزویلا کے علاقے بارسلونا میں واقع Puente Ayala نامی جیل اپنے دوست José Antonio Anzoátegui سے ملاقات کے لیے پہنچی-

جوز جیل میں کار چوری کے جرم میں 9 سال اور 8 ماہ قید کی سزا کاٹ رہا تھا- خاتون ملاقات کے وقت اپنے ساتھ اپنی 6 سالہ بیٹی اور ایک بڑا گلابی رنگ کا سوٹ کیس بھی لائی- جیل حکام کی نظر میں یہ غیرمعمولی بات اس لیے نہیں تھی کہ عموماً قیدیوں سے ملنے کے لیے آنے والے رشتے دار رات جیل میں ہی گزارتے ہیں اور اپنے ساتھ سامان بھی لاتے ہیں-

خاتون جب اپنے مجرم دوست کو سوٹ کیس میں چھپا کر جب باہر کی جانب لے جا رہی تھی تو وہاں موجود سیکورٹی گارڈز کو اس پر کسی قسم کوئی شک نہیں ہوا لیکن سیکورٹی کیمروں کے پیچھے بیٹھی ٹیم کے لیے خاتون شک کے دائرے میں آگئی-

مانیٹرنگ ٹیم نے محسوس کیا کہ خاتون اس سوٹ کیس کو بمشکل کھینچ پا رہی ہے جبکہ یہ ایک بظاہر ہلکا پھلکا سوٹ کیس ہے- جس پر محافظوں کو سوٹ کیس چیک کرنے کے احکامات جاری کیے گئے-

خاتون کے پاس سوٹ کیس کھولنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا اور سوٹ کیس کھلتے ہی خاتون کو بھی گرفتار کرلیا گیا جبکہ ساتھ آئی 6 سالہ بیٹی کو بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے ادارے کے حوالے کر دیا گیا-