خبرنامہ

خامنہ ای کے انتہائی قریبی ساتھی ابراہیم رئیسی کا صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار شریک ہونے کا اعلان

تہران (ملت آن لائن + آئی این پی) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے انتہائی قریبی ساتھی اور معتمدِ خاص ابراہیم رئیسی نے صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار شریک ہونے کا اعلان کر دیا ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق یرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے انتہائی قریبی ساتھی اور معتمدِ خاص ابراہیم رئیسی نے اگلے ماہ مئی میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار شریک ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ رئیسی ایک مذہبی رہنماکے طور پر انتہائی سخت گیر سوچ اور ایک غیر لچک دار شخصیت کے حامل ہیں۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ابراہیم رئیسی نے صدارتی انتخابی امیدوار بننے سے متعلق اپنا اعلان اتوار نو اپریل کو کیا۔ امیدوار بننے کے اعلان میں انہوں نے کہا کہ ایران کو اس وقت غلط انتظامی روایات اور ملکی ڈھانچے میں مسلسل خرابیوں کا سامنا ہے۔ اپنی پہلی مدتِ صدارت مکمل کرنے والے موجودہ صدر حسن روحانی کے لیے ابراہیم رئیسی ایک سخت حریف ثابت ہو سکتے ہیں۔