خبرنامہ

خانہ کعبہ کو غسل دینے کی رسم ادا کر دی گئی

مکہ مکرمہ۔17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) خانہ کعبہ کو غسل دینے کی رسم ادا کر دی گئی ہے ۔ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے کعبۃ اللہ شریف کو غسل دینے کی رسم ادا کی۔ پیر کو میڈیا رپورٹس کے مطابق خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب مسجد الحرام میں منعقد ہوئی۔ خانہ کعبہ کی دیکھ بھال کرنے والے خاندان کے سربراہ شیخ صالح بن زین العابدین الشعبی نے بتایا کہ خانہ کعبہ کو آب زم زم کے پانی سے دھویا گیا۔ غسل کی ادائیگی پیر کو نماز فجر کے بعد کی گئی۔ خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو آب زم زم ، عرق گلاب ملا پانی سے صاف کیا گیا اور خوشبو دار عطر کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔ خانہ کعبہ کو غسل دینے کے بعد فرش اوردیواروں کو سفید کپڑوں سے دوبارہ خشک کیا گیا ۔ عرق گلاب اور دیگر اعلیٰ معیار کے عطر کی خوشبو کاچھڑکاؤ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خانہ کعبہ کے غسل کی ادائیگی کے دوران چاروں طرف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ تقریب میں سعودی عرب کے شاہی خاندان کے افراد اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔