خبرنامہ

خلیجی ممالک سعودی عرب میں ریکروٹنگ ایجنسیاں کھولنے سے گریزاں

ریاض۔(ملت آن لائن) سعودی عرب میں ریکروٹنگ ادارے نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک سعودی عرب میں ریکروٹنگ ایجنسیاں کھولنے سے گریزاں ہیں۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاض میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ریکروٹنگ ادارے کے ترجمان ماجد نے بتایا کہ سعودی حکام کی جانب سے کئی ماہ قبل خلیجی ممالک کو ترغیبات کے ساتھ مملکت میں ریکروٹنگ ایجنسیاں اور کمپنیاں قائم کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے تاہم ابھی تک کسی بھی خلیجی ملک نے کوئی ریکروٹنگ ایجنسی یا کمپنی یہاں نہیں کھولی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے اس رویے سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ وہ یہاں کوئی تشویش محسوس کرتے ہں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں گھریلو ملازمہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم 5 ماہ درکار ہوتے ہیں۔ خلیجی ممالک میں یہ کام 2 ہفتے کے اندر اندر انجام دے دیا جاتا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب میں ریکروٹنگ کے شعبے میں بڑی رکاوٹیں پائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فلپائن نے گھریلو عملہ کویت کو برآمد کرنا بند کر دیا تھا۔ کویت نے اسے ایک ماہ کے اندر بحال کرالیا۔ سعودی عرب کا فلپائن کے ساتھ تنازعہ 2010 ء سے چلا آرہا ہے جسے آج تک حل نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں تاکہ ان مسائل کو نمٹایا جا سکے۔