خواب انسانی کیفیات کے ترجمان ہوتے ہیں
لاہور (ملت آن لائن) سونا اور نیند آنا ہماری زندگی کا ایک لازمی حصہ ہے۔ جب ہم سوتے ہیں تو خواب بھی دیکھتے ہیں جن سے فرار کسی طور پر ممکن نہیں۔ زمانہ قدیم سے لے کر آج تک خوابوں کو مختلف عوامل کی وجہ قرار دیا گیا۔ کبھی اسے جسمانی و ذہنی کیفیت سے جوڑا گیا تو کبھی شعور و لاشعور کی جنگ قرار دیا گیا۔ اسی طرح مختلف خوابوں کی مختلف تشریحات پیش کی گئیں۔
یاد رکھیں کہ آپ اپنی زندگی میں جس طرح کے حالات سے گزر رہے ہیں، اسی سے متعلق خواب دیکھتے ہیں۔ مثلا اگر آپ کو کسی ناکامی کا خوف ہے تو آپ خواب میں اپنے آپ کو ناکامی، خوف اور بے عزتی کا شکار ہوتا دیکھیں گے۔ اسی طرح اگر آپ نے اپنی زندگی میں پیش آنے والے کسی واقعے کو سر پر سوار کرلیا ہے تو خواب میں بھی آپ اسے ہی دہراتا دیکھیں گے۔
آج ہم آپ کو ایسے ہی کچھ خوابوں کا مطلب بتا رہے ہیں جو عموماً ہر شخص دیکھتا ہے۔ آپ نے بھی اپنی زندگی میں متعدد بار اونچائی سے گرنے، قید ہونے، اڑنے یا موت کا خواب دیکھا ہوگا۔
اونچائی سے گرنا
ہم میں سے اکثر افراد اپنے خوابوں میں اپنے آپ کو اونچائی سے گرتا دیکھتے ہیں۔ یہ احساس بعض اوقات اتنا شدید ہوتا ہے کہ جھٹکے سے ہماری آنکھ کھل جاتی ہے جس کے بعد اپنے گرد و پیش کو سمجھنے میں ہمیں کئی منٹ لگ جاتے ہیں۔ خواب میں اپنے آپ کو گرتے ہوئے دیکھنا دراصل آپ کی حقیقی زندگی کے ذہنی دباؤ اور مشکلات پیدا کرنے والے حالات کی طرف اشارہ ہے۔ یہ خواب دراصل آپ کے اس اندرونی احساس کا نتیجہ ہوسکتا ہے کہ آپ کی زندگی آپ کے قابو سے باہر ہوگئی ہے اور آپ کو سمجھ نہیں آرہا کہ اب حالات کو کیسے سنبھالا جائے۔ بعض افراد کا ماننا ہے کہ ایسے خواب کے دوران گرتے ہوئے خواب دیکھنے والا شخص اگر زمین سے ٹکرا جائے یا زمین پر گر پڑے، تو یہ اس کی موت کا اشارہ ہے، تاہم اسے صرف ایک واہمہ کہا جاسکتا ہے۔
قید ہونا
خواب میں کسی جگہ پر قید ہونا، جہاں کوئی کھڑکی یا دروازہ موجود نہ ہو، یا کسی ڈبے یا تابوت میں قید ہونے کا خواب ان لوگوں کے لیے نہایت پریشان کن ہوسکتا ہے جو بند جگہوں کے خوف یعنی کلسٹرو فوبیا کا شکار ہوتے ہیں۔ یہ خواب آپ کے اصل زندگی میں بھی کسی مخصوص حالات یا صورتحال میں قید ہونے یا پھنسنے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
ہوا میں اڑنا
خواب میں اڑنا حقیقی زندگی میں آزادی اور تخلیقی کاموں کی طرف اشارہ ہے۔ خواب میں خود کو اڑتا ہوا محسوس کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ یہ خواب انہیں نیند کی حالت میں بھی لطف اندوز کرتا ہے کیونکہ وہ نہایت آزادی سے، کھلی ہوا میں، اونچائی پر پرواز کرتے ہیں۔ خواب میں اڑنے کی صورت میں آپ حقیقت میں اپنے بستر سے نیچے بھی گر سکتے ہیں۔
دانت ٹوٹنا
خواب میں اپنا دانت ٹوٹتے ہوئے دیکھنا اس بات کی علامت ہے کہ حقیقی زندگی میں آپ اپنی بڑھتی ہوئی عمر سے خوفزدہ ہیں۔ یہ خواب حقیقت میں پریشان کن حالات پیش آنے کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے۔
موت
خواب میں اپنی یا اپنے کسی پیارے کی موت دیکھنا بھی عام ہے۔ کسی پیارے کو مرتے ہوئے دیکھنا دراصل اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آپ اس شخص سے بہت محبت کرتے ہیں اور کسی صورت اسے کھونا نہیں چاہتے۔ بہرحال خواب میں موت دیکھنے کا مطلب حقیقی زندگی میں موت کا اشارہ نہیں ہوتا۔ یہ دراصل آپ کی زندگی میں کسی ایسی تبدیلی کی طرف اشارہ کرتا ہے جو آپ کے لیے بالکل غیر متوقع ہوسکتی ہے۔ وہ افراد جن کے ذہن کے خلیات دوسرے افراد کی نسبت زیادہ فعال ہوتے ہیں، ایسے افراد اپنے خاندان یا احباب میں سے موت کا شکار ہونے والوں کے بارے میں پہلے سے ہی خواب میں اشارہ دیکھ لیتے ہیں تاہم ایسے افراد کی تعداد بہت کم ہوتی ہے۔ تعاقب ہوتا محسوس ہونا اگر آپ نے کوئی ایسا خواب دیکھا ہے جس میں آپ کسی شخص، لوگوں کے ہجوم یا کسی خطرنک مخلوق کو اپنا تعاقب کرتے ہوئے پاتے ہیں تو خواب میں آپ کو جکڑنے والا خوف اور گھبراہٹ حقیقی زندگی میں بھی آپ کو اپنا نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس خواب کامطلب دراصل ایسے حالات کی طرف اشارہ ہے جو آپ کو خوف اور بے چینی میں مبتلا کردیتے ہیں۔ اب یہ حالات حال میں بھی ہوسکتے ہیں، اور مستقبل میں بھی۔ بغیر تیاری کے امتحانات خواب میں اپنے آپ کو کسی کمرہ امتحان میں پانا اور ساتھ ہی یہ احساس ہونا کہ آپ نے کوئی تیاری نہیں کی، نہایت پریشان کن خواب ہوسکتا ہے۔ ایسے خواب اس وقت آتے ہیں جب آپ حقیقی زندگی میں کسی امتحان، ٹیسٹ یا انٹرویو کو سر پر سوار کرلیں، یا وہ آپ کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہوں اور آپ کسی صورت ان میں ناکامی نہیں چاہتے۔ اس خواب سے جاگنے کے بعد آپ کے مذکورہ امتحان یا انٹرویو کا خوف آپ کو مزید جکڑ لیتا ہے۔