خبرنامہ

خواتین کا عالمی دن: باربی کی نئی رول ماڈل گڑیا سیریز متعارف

خواتین کا عالمی دن: باربی کی نئی رول ماڈل گڑیا سیریز متعارف

لاہور: (ملت آن لائن) باربی گڑیا ہمیشہ ہی ہی چھوٹی بچیوں کے لیے خوبصورتی اور فیشن کی علامت رہی ہیں مگر اب یہ گڑیا ان کے لیے بہادری اور ہمت کی بھی علامت ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منگل کے روز باربی نے اپنی دو نئی گڑیا سیریز متعارف کروائی ہیں جو کہ ایسی حقیقی خواتین کی زندگیوں سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہیں جنہوں نے اپنے اپنے شعبہ جات میں کمال کر دکھایا۔ ان میں سے ایک باربی گڑیا سیریز کا نام انسپائرنگ ویمن اور دوسری سیریز کا نام شیروز ہے۔ ان نئی گڑیا سیریز بنانے کا خیال باربی گڑیا کی کمپنی کو تب آیا جب انہوں نے دنیا بھر سے تقریباً آٹھ ہزار مائوں سے ایک سروے میں مرتب کچھ سوالات پوچھے۔ اس سروے رپورٹ کے مطابق 86 فیصد مائیں اس پریشانی کا شکار تھیں کہ ان کی بیٹیاں کن کو اپنے رول ماڈل کے طور پر دیکھتی ہیں۔ اسی لیے کمپنی نے ایسی گڑیا بنانے کا فیصلہ کیا جو چھوٹی بچیوں کے لیے بہترین رول ماڈل ثابت ہوں۔ انسپائرنگ ویمن باربی سیریز مشہور تاریخی خواتین سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے جبکہ شیرو سیریز جدید دور کی متاثر کن خواتین سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔ انسپائرنگ ویمن باربی سیریز میں تین گڑیا شامل ہیں جن میں سے ایک گڑیا ایمیلیا ایرہارٹ سے متاثر ہے جو کہ دنیا کی پہلی خاتون ہواباز تھیں جنہوں نے بحراوقیانوس کے پار تک سفر کیا۔ اس سیریز کی دوسری گڑیا میکسیکن آرٹسٹ اور سماجی کارکن فریدہ کاہلو جبکہ تیسری گڑیا کیتھرین جاہنسن سے متعلق ہے جنہوں نے ریاضی کے میدان میں نمایاں خدمات سر انجام دیں تھیں۔ شیرو سیریز میں چودہ گڑیا شامل ہیں جن میں سے ایک امریکی فلم ونڈر وومین کی ڈائریکٹر پیٹی جینکنز سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہیں۔ اس سیریز کی دیگر گڑیا 2018ء میں ہونے والی سرمائی اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والی امریکی خاتون کاہلوئی کم اور کئی دیگر فیشن ڈیزائنرز، صحافی، اداکارائیں اور کاروباری خواتین شامل ہیں۔