خبرنامہ

خوشی کے عالمی دن پر دبئی میں فضائی مسافروں کا خصوصی استقبال

خوشی کے عالمی دن پر دبئی میں فضائی مسافروں کا خصوصی استقبال

دبئی:(ملت آن لائن) دبئی میں خوشی کے عالمی دن کی مناسبت سے پاسپورٹ پر مسکراہٹ والی مہر لگا کر استقبال نے فضائی مسافروں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ دنیا بھر سے دبئی پہنچنے والے افراد کو اس وقت خوشگوار حیرت کا سامنا رہا جب ان کے پاسپورٹ پر مسکراہٹ والی مہر لگائی گئی، ایئرپورٹ انتظامیہ نے یہ اہتمام خوشی کے عالمی دن کی مناسبت سے کیا جس نے ایئرپورٹ آنے والے افراد کو مسکرانے پر مجبور کردیا، مسافروں نے دبئی حکومت اور ایئر پورٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
دبئی میں خوشی کے عالمی دن کے موقع پر کئی دیگر تقریبات بھی منعقد کی گئیں جب کہ دبئی کی سڑکوں پر مسکراہٹیں بکھرتی بس دوڑتی نظر آئی جس پر خصوصی طور پر مسکراہٹ کی ایموجی آویزاں تھی جب کہ اس موقع پر مختلف کمپنیوں کی جانب سے شہریوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے، متحدہ عرب امارات دنیا کا 18 واں خوش حال ملک ہے جہاں عالمی ایونٹس کو شاندار طریقے سے منایا جاتا ہے یہی وجہ ہے سیاحت اور کاروبار کی غرض سے دنیا بھر سے لوگ دبئی آتے ہیں۔ اس دن کو منانے کا مشورہ جیمی الین نامی شخص نے 2011 میں دیا تھا، جس کی مدر ٹریسا نے کلکتہ کی سڑکوں سے لاوارث حالت میں اُٹھا کر جان بچائی تھی۔ بعد ازاں ایک امریکی خاتون نے جیمی الین کو گود لے کر الین اڈویشن انٹرنیشنل نامی ایک این جی او کا آغاز کیا تھا جو یتیم بچوں کی کفالت کرتی ہے تاہم اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال 20 مارچ کو خوشی کا عالمی دن منانے کا اعلان پہلی مرتبہ 28 مئی 2012 کو کیا گیا تھا جس کا مقصد مسکراہٹیں بکھرنے کی اہمیت سے دنیا کو آگاہ کرنا تھا۔